منگل، 13-جنوری،2026
منگل 1447/07/24هـ (13-01-2026م)

سست انٹرنیٹ سے پریشان پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبری آگئی

06 جنوری, 2026 10:48

وفاقی وزیرِ آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے سست انٹرنیٹ سے پریشان صارفین کو ریلیف دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ملک میں تیز رفتار انٹرنیٹ سروس کی بحالی کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ آنے والے مہینوں میں صارفین کو واضح بہتری نظر آئے گی۔

تفصیلات کے مطابق براق اسپیس کیمپ 29 دسمبر 2025 کو شروع ہوا۔ اس پروگرام میں 40 منتخب طلبہ نے جدید ٹیکنالوجی کی تربیت حاصل کی۔ وفاقی وزیر نے طلبہ کی کارکردگی کو سراہا اور انہیں ملک کا قیمتی اثاثہ قرار دیا۔

وفاقی وزیرِ آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے براق اسپیس کیمپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ہی پاکستان کا مستقبل ہیں۔ ڈیجیٹل دور میں کامیابی کے لیے انہیں جدید مہارتوں سے آراستہ کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی اور سائبر سیکیورٹی جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے نوجوانوں کی تیاری وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے معرکۂ حق کے دوران نوجوانوں کے کردار کا ذکر بھی کیا۔ ان کے مطابق سائبر سیکیورٹی کے میدان میں نوجوانوں نے اہم خدمات انجام دیں۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت ڈیجیٹل پاکستان کے وژن پر تیزی سے کام کر رہی ہے۔ عوام کو ڈیٹا، ٹیکنالوجی اور آن لائن سہولیات تک آسان رسائی دی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تیز ترین انٹرنیٹ سروس کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

شزا فاطمہ خواجہ نے بتایا کہ آئندہ چند ماہ میں فائیو جی سروس لانچ کرنے کی تیاری جاری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ فری لانسنگ کے شعبے میں 91 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ حکومت نوجوانوں کو مختلف ڈیجیٹل مہارتوں کی تربیت دے رہی ہے تاکہ وہ ملکی معیشت میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔

Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔