منگل، 13-جنوری،2026
منگل 1447/07/24هـ (13-01-2026م)

سست انٹرنیٹ سے پریشان پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبری آگئی

08 جنوری, 2026 15:28

وفاقی حکومت نے ملک میں فائیو جی (5G) سپیکٹرم کی نیلامی کے لیے پالیسی ڈائریکٹو جاری کر دیا ہے۔

یہ فیصلہ براڈ بینڈ صارفین کی تعداد میں اضافے اور جدید موبائل ٹیکنالوجیز کے فروغ کے لیے کیا گیا ہے۔ ملک میں اب 15 کروڑ 20 لاکھ سے زیادہ براڈ بینڈ صارفین موجود ہیں، جنہیں جدید اور تیز رفتار موبائل انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنا حکومت کا مقصد ہے۔

نیلامی کے لیے 700، 1800، 2100، 2300، 2600 اور 3500 میگا ہرٹز بینڈز مختص کیے گئے ہیں۔ پالیسی ڈائریکٹو کے مطابق 700 میگا ہرٹز بینڈ کی بنیادی قیمت 65 لاکھ ڈالر فی میگا ہرٹز، 1800 اور 2100 میگا ہرٹز کی قیمت 1 کروڑ 40 لاکھ ڈالر، 2300 میگا ہرٹز کی قیمت 10 لاکھ ڈالر، 2600 میگا ہرٹز کی قیمت 12 لاکھ 50 ہزار ڈالر اور 3500 میگا ہرٹز بینڈ کی قیمت 6 لاکھ 50 ہزار ڈالر فی میگا ہرٹز مقرر کی گئی ہے۔

حکومت نے واضح کیا ہے کہ سپیکٹرم کی فیس پاکستانی روپے میں ادا کی جائے گی اور ڈالر ریٹ لاک رہے گا۔ نیلام شدہ اسپیکٹرم کسی بھی ٹیکنالوجی کے لیے استعمال کیا جا سکے گا اور یہ تمام موجودہ اور آئندہ ٹیکنالوجیز کے لیے نیوٹرل رہے گا۔

نیلام شدہ فائیو جی لائسنس کے تحت مرحلہ وار نیٹ ورک رول آؤٹ لازمی ہوگا۔ رول آؤٹ میں شہروں، ٹاورز اور فائبر ٹو ٹاور اہداف شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ صارفین کے لیے بہتر کوالٹی آف سروس کے معیارات نافذ کیے جائیں گے۔ کامیاب بولی دہندگان کو 15 سال کے لیے نیا لائسنس جاری کیا جائے گا، جبکہ اسپیکٹرم کی ٹریڈنگ اور شیئرنگ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔

وفاقی حکومت کا مقصد فروری 2026 کے وسط تک نیلامی مکمل کرنا ہے۔ اس کے بعد پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA) انفارمیشن میمورنڈم جاری کرے گا تاکہ تمام شرکاء کو نیلامی کے طریقہ کار سے آگاہ کیا جا سکے۔

Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔