گرین لینڈ پر امریکی حملے کی تیاری؟ برطانوی میڈیا نے ٹرمپ سے متعلق حیران کُن رپورٹ جاری کردی

گرین لینڈ پر امریکی حملے کی تیاری؟ برطانوی میڈیا نے ٹرمپ سے متعلق حیران کُن رپورٹ جاری کردی
برطانوی ذرائع ابلاغ نے ایک تہلکہ خیز دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی فوج کو گرین لینڈ کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کے لیے منصوبہ بندی کی ہدایت دی۔
رپورٹ کے مطابق، ٹرمپ نے جوائنٹ اسپیشل آپریشنز کمانڈ کو کہا کہ وہ گرین لینڈ میں فوجی آپشنز پر کام کرے، تاہم امریکی عسکری قیادت، بالخصوص جوائنٹ چیفس آف اسٹاف نے اس تجویز پر سخت تحفظات کا اظہار کیا۔ عسکری حکام کا ماننا ہے کہ ایسی کارروائی نہ صرف آئینی اور قانونی پیچیدگیوں کا شکار ہوگی بلکہ امریکی کانگریس بھی اس کی منظوری نہیں دے گی۔
برطانوی اخبار کا کہنا ہے کہ وائٹ ہاؤس کے بعض بااثر مشیر، جن میں اسٹیفن ملر بھی شامل ہیں، گرین لینڈ کے حوالے سے جارحانہ پالیسی کے حامی ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ وینزویلا کے خلاف حالیہ امریکی اقدامات کے بعد ان عناصر کے اعتماد میں مزید اضافہ ہوا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹرمپ اس مبینہ منصوبے کے ذریعے امریکی معیشت کو درپیش مسائل سے عوامی توجہ ہٹانا چاہتے ہیں، جبکہ مڈٹرم انتخابات سے قبل کسی بڑے بین الاقوامی معاملے کو سیاسی فائدے کے لیے استعمال کرنا بھی ان کے اہداف میں شامل ہے۔
رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر گرین لینڈ پر حملے جیسا کوئی قدم اٹھایا جاتا تو یہ برطانیہ اور امریکا کے تعلقات میں شدید تناؤ کا سبب بنتا اور نیٹو اتحاد کے مستقبل پر بھی سوالیہ نشان لگ سکتا تھا۔
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ گفتگو میں یہ مؤقف اختیار کیا تھا کہ امریکا کو گرین لینڈ پر کنٹرول حاصل کرنا چاہیے تاکہ روس یا چین وہاں اپنا اثر و رسوخ قائم نہ کر سکیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












