منگل، 13-جنوری،2026
منگل 1447/07/24هـ (13-01-2026م)

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں دو دہائیوں کی تاریخ ساز ترقی، سرمایہ کاری کے روشن مستقبل کی نوید

09 جنوری, 2026 09:26

پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے دو دہائیوں میں تاریخ ساز کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملکی و عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کر لیا ہے۔ مستحکم معاشی بنیادوں اور مسلسل معاشی پیش رفت نے پاکستان کو سرمایہ کاری کے لیے ایک پرکشش اور قابلِ اعتماد مرکز بنا دیا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کے ایس ای 100 انڈیکس نے ڈالر کی بنیاد پر 161 فیصد جبکہ پاکستانی روپے میں 190 فیصد شاندار اضافہ ریکارڈ کیا، جس کے نتیجے میں پاکستان اسٹاک مارکیٹ دنیا کی بہترین کارکردگی دکھانے والی مارکیٹس میں عالمی سطح پر دوسرے نمبر پر پہنچ گئی۔

اس نمایاں پیش رفت میں اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی بصیرت، مربوط سہولت کاری اور ہمہ جہت حکمتِ عملی نے کلیدی کردار ادا کیا، جس کے باعث پاکستان کی معیشت اور سرمایہ کاری مارکیٹ کو استحکام ملا اور عالمی سطح پر اسے ممتاز حیثیت حاصل ہوئی۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کی تعداد میں 41 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جہاں گزشتہ 18 ماہ کے دوران 1 لاکھ 35 ہزار نئے سرمایہ کار مارکیٹ کا حصہ بنے۔ اسی طرح گزشتہ 9 ماہ میں پی ایس ایکس میں شامل کمپنیوں کے مالیاتی نتائج بھی مستحکم رہے اور مجموعی منافع میں تقریباً 14 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔

مزید برآں، سال 2026 میں 16 سے زائد نئی کمپنیوں کی لسٹنگ متوقع ہے، جس سے سرمایہ کاری میں شمولیت، لیکویڈیٹی اور مارکیٹ وسعت میں مزید بہتری آئے گی۔

مشیر خزانہ خرم شہزاد کے مطابق پاکستان کا میکرو اکنامک ماحول اب سرمایہ کاری کے لیے نہایت پرکشش اور قابلِ اعتماد بن چکا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاروں، صارفین اور کاروباری طبقے کا اعتماد بحال ہو چکا ہے جبکہ عالمی ریٹنگ ایجنسیز اور مالی شراکت داروں نے بھی پاکستان کے لیے مثبت آؤٹ لک کا اعتراف کیا ہے۔

خرم شہزاد نے مزید کہا کہ ایس آئی ایف سی کے ذریعے پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والے ممالک اور کاروباری اداروں کے لیے سرمایہ کاری کا عمل سادہ، مربوط اور مؤثر بنایا جا رہا ہے، جس سے پاکستان عالمی سرمایہ کاری کے ایک مضبوط ہب کے طور پر ابھر رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق اسٹاک مارکیٹ کی یہ بلندی پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے بہتر ماحول اور عالمی سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی واضح عکاس ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔