پاکستان کا زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کا کامیاب تجربہ

پاکستان کا زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کا کامیاب تجربہ
پاک بحریہ نے شمالی بحیرۂ عرب میں ایک جامع مشق کے ذریعے اپنی آپریشنل تیاری اور جنگی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ مشق میں بدلتے ہوئے بحری جنگی تقاضوں کے مطابق روایتی اور بغیر پائلٹ نظاموں کی صلاحیتیں پیش کی گئیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق مشق کے دوران پاک بحریہ کے جدید فضائی دفاعی نظام کی طویل فاصلے تک صلاحیتوں کی توثیق کرتے ہوئے LY-80(N) سطح سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کا عمودی لانچنگ سسٹم سے کامیاب براہِ راست فائر کیا گیا۔ LY-80(N) میزائل نے فضائی ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنا کر تباہ کیا، جس سے پاک بحریہ کی مضبوط فضائی دفاعی صلاحیتوں کا مظاہرہ ہوا۔
مشق میں لوئٹرنگ میونیشن (LM) کے ذریعے سطحی اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا، جس سے پاک بحریہ کی درست نشانہ بازی کی صلاحیت اجاگر ہوئی۔ لوئٹرنگ میونیشن نے سطحی اہداف کو مؤثر طریقے سے تباہ کیا، جو جدید بحری جنگ میں اس نظام کی افادیت کا مظہر ہے۔
مشق کے دوران بغیر پائلٹ سطحی جہاز (Unmanned Surface Vessel – USV) کے کامیاب اوپن سی ٹرائلز بھی کیے گئے، جو خودکار بحری ٹیکنالوجی میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ ان آزمائشوں میں پلیٹ فارم کی تیز رفتار کارکردگی، مشن کے دوران پائیداری، غیر معمولی پھرتی، درست نیویگیشن اور خراب موسم میں کارکردگی کی صلاحیتوں کی توثیق کی گئی۔ USV ایک کم خطرے اور زیادہ اثر رکھنے والا پلیٹ فارم ہے جو ٹیکٹیکل انٹرسیپٹر کی اسٹیلتھ صلاحیت رکھتا ہے۔
مشق کا مشاہدہ کمانڈر پاکستان فلیٹ نے کیا، جس میں پاک بحریہ کی جدید نظاموں کو مؤثر طور پر استعمال کرنے کی صلاحیت کا مظاہرہ کیا گیا۔
چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل قابلیت کو سراہا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک بحریہ ہر صورت پاکستان کے سمندری دفاع اور قومی بحری مفادات کے تحفظ کو یقینی بنائے گی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








