مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ، درجنوں فلسطینی زخمی

مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ، درجنوں فلسطینی زخمی
مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 24 فلسطینی زخمی ہو گئے۔
فلسطینی ریڈ کریسنٹ سوسائٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ اس کے طبی عملے نے قلانڈیا پناہ گزین کیمپ اور کفر عقب قصبے میں اسرائیلی چھاپے کے بعد زخمی ہونے والے 24 افراد کو طبی امداد فراہم کی۔ زخمیوں میں 3 افراد براہِ راست گولیوں کا نشانہ بنے، جن میں ایک 15 سالہ لڑکا شامل ہے جسے ران میں گولی لگی۔
ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج نے صبح سویرے قلانڈیا کیمپ اور کفر عقب پر دھاوا بولا، بلڈوزرز استعمال کیے اور درجنوں فوجیوں کو مرکزی شاہراہوں اور رہائشی علاقوں میں تعینات کیا۔ اس کارروائی کے دوران فلیش بینگز اور آنسو گیس بھی استعمال کی گئی، جس سے مقامی شہری شدید خوف اور گھبراہٹ کا شکار ہو گئے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ فوج نے کم از کم چار مکانات کے مکینوں کو گھر خالی کرنے پر مجبور کیا اور ان گھروں کو فوجی چوکیوں میں تبدیل کر دیا۔
فلسطینی اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2023 سے اسرائیلی فوج اور غیر قانونی آبادکاروں نے مقبوضہ مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم میں کم از کم 1,102 فلسطینیوں کو شہید کیا، تقریباً 11,000 کو زخمی کیا اور 21,000 کے قریب افراد کو حراست میں لیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال جولائی میں بین الاقوامی عدالت انصاف نے اسرائیل کی فلسطینی علاقوں پر قبضے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم کی تمام بستیوں کی خالی کروانے کا حکم دیا تھا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












