غزہ میں موجودگی برقرار رہے گی، انخلا کا کوئی ارادہ نہیں: اسرائیلی وزیر دفاع

غزہ میں موجودگی برقرار رہے گی، انخلا کا کوئی ارادہ نہیں: اسرائیلی وزیر دفاع
اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی فوج غزہ کے مختلف علاقوں میں سرگرم ہے اور اسرائیل اس خطے کو کسی صورت مکمل طور پر چھوڑنے کا ارادہ نہیں رکھتا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسرائیلی وزیر دفاع نے کہا کہ غزہ میں فوج کی موجودگی دفاعی حکمتِ عملی کا حصہ ہے تاکہ مستقبل میں اسرائیل کو کسی ممکنہ خطرے سے بچایا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ ماضی کے واقعات کو دہرانے سے روکنا ہی اس تعیناتی کا مقصد ہے۔
اسرائیل کاٹز نے کہا کہ اسرائیل اپنی سلامتی کے معاملات میں کسی بیرونی طاقت پر انحصار نہیں کرتا بلکہ اپنی فوجی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد رکھتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی عندیہ دیا کہ مناسب حالات میں شمالی غزہ کے علاقوں میں شہری اور فوجی نوعیت کی تعمیرات کی جائیں گی، اور بطور حکومتی نمائندے ان فیصلوں کو عملی شکل دینا ان کی ذمہ داری ہے۔
واضح رہے کہ غزہ سے متعلق ہونے والے امن معاہدے کے تحت اسرائیلی فوج کو مرحلہ وار مکمل انخلا کرنا ہے، تاہم اسرائیلی قیادت کے حالیہ بیانات اس معاہدے سے متصادم دکھائی دیتے ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












