منگل، 13-جنوری،2026
منگل 1447/07/24هـ (13-01-2026م)

غزہ میں انسانی بحران شدت اختیار کر گیا، 10 ممالک کا اسرائیل سے امدادی رکاوٹیں ختم کرنے کا مطالبہ

31 دسمبر, 2025 10:07

غزہ میں جاری انسانی بحران مزید سنگین صورت اختیار کر چکا ہے۔ خوراک، پانی اور پناہ کی شدید قلت کے باعث لاکھوں فلسطینی بدترین حالات میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

اسی صورتحال کے پیش نظر دنیا کے 10 اہم ممالک کے وزرائے خارجہ نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ میں انسانی امداد کی ترسیل میں حائل تمام رکاوٹیں فوری طور پر ختم کرے۔

ان ممالک میں کینیڈا، برطانیہ، فرانس سمیت دیگر یورپی ریاستیں شامل ہیں، جنہوں نے اسرائیل پر دباؤ بڑھاتے ہوئے مشترکہ بیان جاری کیا ہے۔

مشترکہ بیان کے مطابق غزہ میں 16 لاکھ سے زائد افراد شدید غذائی عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ سرد موسم اور بارشوں نے حالات کو مزید خراب کر دیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ 13 لاکھ سے زائد افراد فوری پناہ کے محتاج ہیں۔

ان ممالک نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ اور یو این آر ڈبلیو اے کو مکمل اور بلا رکاوٹ رسائی دی جائے۔ رفح سمیت تمام سرحدی گزرگاہیں کھولی جائیں تاکہ امداد کی مقدار میں اضافہ ممکن ہو سکے۔

بیان میں اس بات پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا گیا کہ اسرائیلی پارلیمنٹ نے حال ہی میں یو این آر ڈبلیو اے کے لیے سفارتی استثنیٰ ختم کرنے کی منظوری دی ہے، جو انسانی اصولوں کے خلاف ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق نئے قانون کے تحت اسرائیلی کمپنیوں کو یو این آر ڈبلیو اے کے اداروں کو پانی، بجلی اور مالی سہولیات فراہم کرنے سے روک دیا گیا ہے، جس سے بحران مزید گہرا ہو سکتا ہے۔

اس سے قبل یو این آر ڈبلیو اے نے خبردار کیا تھا کہ اسرائیلی پابندیوں کے باعث غزہ میں فلسطینی عوام کو خوراک اور صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

ادارے کے مطابق ہزاروں خاندان اب بھی بنیادی ضروریات سے محروم ہیں، جبکہ انسانی امداد کی ترسیل پر عائد سخت پابندیاں غزہ کو ایک مکمل انسانی تباہی کی طرف دھکیل رہی ہیں۔

عالمی مبصرین کا کہنا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو غزہ میں انسانی بحران ناقابلِ تلافی نقصان کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔