غزہ کا نظامِ صحت وینٹی لیٹر پر؛ اسرائیلی نئے قوانین امدادی سرگرمیوں کے لیے بڑا خطرہ

غزہ کا نظامِ صحت وینٹی لیٹر پر؛ اسرائیلی نئے قوانین امدادی سرگرمیوں کے لیے بڑا خطرہ
غزہ: عالمی طبی تنظیم ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز (MSF) نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیلی حکومت کے نئے اور مبہم رجسٹریشن قوانین غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے میں انسانی ہمدردی کے کاموں کو شدید متاثر کر سکتے ہیں، جس سے لاکھوں فلسطینی بنیادی طبی سہولیات سے محروم ہو جائیں گے۔
ایم ایس ایف نے جمعرات کو جاری بیان میں کہا کہ اسرائیلی حکومت کے حالیہ اقدامات غیر سرکاری تنظیموں کو پیچیدہ رجسٹریشن کے عمل سے گزارنے پر مجبور کر رہے ہیں، جس میں عملے کے نام اور دیگر تفصیلات کے انکشاف کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ تنظیم کے مطابق یہ اقدامات طبی ٹیموں کی حفاظت اور جان بچانے والی خدمات دونوں کے لیے خطرناک ہیں۔
ایم ایس ایف نے بتایا کہ غزہ کا نظامِ صحت پہلے ہی تباہی کے دہانے پر ہے، اور نئے قوانین نافذ ہونے سے لاکھوں فلسطینیوں کو بنیادی طبی سہولیات سے محروم ہونے کا خطرہ ہے۔ تنظیم فی الحال 31 دسمبر 2025 تک رجسٹریشن کی تجدید کے منتظر ہے۔
ایم ایس ایف نے اسرائیل کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی بھی مذمت کی، جن میں دعویٰ کیا گیا کہ تنظیم کا عملہ مسلح مزاحمتی گروپوں کے ساتھ تعلقات رکھتا ہے۔ تنظیم نے کہا کہ یہ دعوے غیر مصدقہ اور انسانی ہمدردی کے کارکنوں کے لیے خطرناک ہیں اور جان بچانے والی خدمات کو متاثر کر سکتے ہیں۔
تنظیم نے فلسطینی نظامِ صحت کی ابتر صورتحال کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ خاندان اپنی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، اور طبی خدمات کو کم کرنے کے بجائے ان میں فوری توسیع کی ضرورت ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق، ایم ایس ایف غزہ میں ہر پانچویں ہسپتال کے بیڈ کی مدد فراہم کر رہی ہے، تمام ولادتوں کا ایک تہائی حصہ اس کے زیرِ انتظام ہے، اور 2025 میں تقریباً 800,000 آؤٹ پیشنٹ مشاورت اور 22,700 سے زائد آپریشن کیے گئے۔
تنظیم نے مزید کہا کہ وہ جولائی 2025 سے اسرائیلی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے اور مطلوبہ معلومات کا بڑا حصہ جمع کر چکی ہے۔ تاہم یکم جنوری 2026 سے این جی اوز کی رجسٹریشن کی ممکنہ منسوخی غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے میں ضروری انسانی خدمات کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












