منگل، 13-جنوری،2026
منگل 1447/07/24هـ (13-01-2026م)

غزہ میں جنگ کے خاتمے اور انسانی امداد کی فراہمی کے لیے کوششیں ضروری ہیں، اسحاق ڈار

11 جنوری, 2026 10:32

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ کے خاتمے اور انسانی امداد کی فراہمی کے لیے کوششیں ضروری ہیں۔

تفصیلات کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسرائیل کی غیر قانونی اور غیر حقیقی کارروائی کی شدید مذمت کرتا ہے۔ اسرائیلی وزیر خارجہ کا صومالی لینڈ کا دورہ انتہائی تشویشناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان صومالیہ کی خودمختاری، وحدت اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ بین الاقوامی قانون کے تحت ریاست کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت لازمی ہیں اور کوئی بیرونی ادارہ اس حقیقت کو بدلنے کا قانونی یا اخلاقی حق نہیں رکھتا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی اقدام صومالیہ کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ سرحدوں پر براہ راست حملہ ہے اور یہ کارروائی بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے منشور کی خلاف ورزی ہے۔

نائب وزیراعظم نے خبردار کیا کہ اسرائیلی اقدام خطے میں سنگین اثرات پیدا کر سکتا ہے۔ صومالیہ نے قومی مفاہمت اور آئینی اصلاحات میں نمایاں پیشرفت کی ہے، ریاستی اداروں کی مضبوطی اور اقتصادی شعبے میں شفاف اصلاحات اہم ہیں۔

اسحاق ڈار نے غزہ میں جنگ کے خاتمے اور انسانی امداد کی فراہمی کے لیے کوششوں کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان او آئی سی اور عرب ممالک کے ساتھ فلسطینی حق خود ارادیت کے لیے تعاون کرے گا۔

انہوں نے اس اقدام کو ہارن آف افریقا اور بحیرہ احمر میں امن و سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا اور کہا کہ پاکستان نے او آئی سی ممالک کے ساتھ اسرائیل کے اقدام کو مشترکہ بیان میں مسترد کیا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔