ایران میں اسرائیلی جاسوس پکڑا گیا، پاسدارانِ انقلاب کا دعویٰ

ایران میں اسرائیلی جاسوس پکڑا گیا، پاسدارانِ انقلاب کا دعویٰ
ایران میں حکومت مخالف احتجاجی مظاہروں کے دوران سیکیورٹی اداروں نے ایک غیر ملکی شخص کو اسرائیل کے لیے جاسوسی کے الزام میں گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ یہ کارروائی پاسدارانِ انقلاب کے انٹیلی جنس یونٹ کی جانب سے عمل میں لائی گئی۔
سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق ایرانی قیادت، بشمول سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای، پہلے ہی یہ مؤقف اختیار کر چکی ہے کہ ملک میں جاری بدامنی کے پیچھے بیرونی عناصر کا کردار ہوسکتا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار شخص حساس نوعیت کی معلومات حاصل کر کے اسرائیلی اداروں تک پہنچانے میں ملوث تھا۔
ایرانی حکام نے تاحال گرفتار ملزم کی شناخت اور شہریت ظاہر نہیں کی، تاہم انٹیلی جنس حکام کے مطابق معاملے کی تحقیقات جاری ہیں اور مزید انکشافات متوقع ہیں۔
یہ گرفتاری ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران میں 28 دسمبر سے مہنگائی، معاشی دباؤ، بیروزگاری اور حکومتی پالیسیوں کے خلاف احتجاجی تحریک زور پکڑ چکی ہے، جو بعد ازاں کئی شہروں میں پُرتشدد شکل اختیار کر گئی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جاری مظاہروں کے دوران اب تک تقریباً 50 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جن میں سیکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں، جبکہ 250 سے زائد افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












